کراچی — گلستانِ جوہر بلاک 14 میں لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ رہزنوں کے بڑھتے ہوئے حملوں سے خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں رہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکو رات تین بجے سے فجر تک گاڑیوں کی بیٹریاں، قیمتی اشیاء اور نقدی چوری کر کے فرار ہوجاتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دفاتر اور تعلیمی اداروں جانے والے افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ دوپہر میں اسکول وین سے واپس آنے والے بچوں کو بھی رہزنوں نے کئی بار لوٹا ہے۔
شام اور رات کے اوقات میں موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں عام ہوچکی ہیں۔
مکینوں کے مطابق ڈکیت اسلحے سے لیس ہو کر گلیوں میں دندناتے پھرتے ہیں، جبکہ نجی سیکیورٹی گارڈز بھی ان کی فائرنگ سے زخمی ہو چکے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے میں پولیس گشت بڑھانے اور عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔
