وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم میں وزیراعظم کو استثنیٰ دینے سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی مجوزہ شق واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان سے واپسی پر معلوم ہوا کہ پارٹی کے چند سینیٹرز نے وزیراعظم کو قانونی استثنیٰ دینے کی تجویز جمع کرائی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’میں ان کے نیک ارادوں کا احترام کرتا ہوں، مگر یہ تجویز کابینہ سے منظور شدہ مسودے کا حصہ نہیں تھی، اس لیے میں نے اسے فوراً واپس لینے کا حکم دیا ہے۔‘‘
شہباز شریف نے مؤقف اختیار کیا کہ ’’ایک منتخب وزیراعظم کو عدالت اور عوام دونوں کے سامنے مکمل طور پر جوابدہ رہنا چاہیے۔‘‘
یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب سینیٹ اور قومی اسمبلی کی کمیٹیاں 27ویں آئینی ترمیم کے مجوزہ بل پر غور کر رہی ہیں۔
