کراچی: شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے عوامی کالونی پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث منظم گروہوں کو شدید دھچکا پہنچا دیا۔
پولیس نے حال ہی میں گرفتار ہونے والے ایک ملزم کی نشاندہی پر الیاس گوٹھ میں قائم خفیہ گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے 35 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں میں 27 مکمل اور قابلِ استعمال حالت میں تھیں، جبکہ 8 موٹر سائیکلیں پرزہ جات کی صورت میں موجود تھیں، جو منظم چوری کے نیٹ ورک کی واضح نشاندہی کرتی ہیں۔
ایس ایچ او عوامی کالونی ملک عامر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار ملزم سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ گرفتار ملزم کا تعلق ایک بین الصوبائی موٹر سائیکل چور گروہ سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
