2 جولائی، 2025
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سوات دریا کے کنارے تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن آج دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی حالیہ واقعات اور علاقے میں غیر قانونی تعمیرات پر بڑھتی ہوئی تشویش کے پیشِ نظر کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری رپورٹ کے مطابق اب تک 65 غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جا چکا ہے، جن میں دکانیں، ہوٹلز اور پارکس شامل ہیں، جو دریا کے کنارے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے تھے۔
انتظامیہ نے اب تک 15.7 کنال زمین واگزار کرائی ہے اور تقریباً 2 کلومیٹر کا علاقہ تجاوزات سے مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے۔
غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی ہے، پولیس نے اب تک 25 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دریا کے کنارے تمام تجاوزات مکمل طور پر ختم نہیں کر دی جاتیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ ایسی غیر قانونی تعمیرات نہ صرف زمین کے قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ ماحولیاتی آلودگی اور انسانی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بھی ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور دریا کے کنارے کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات سے گریز کریں۔
