دنیا بھر کے ناظرین اس وقت حیران رہ گئے جب ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ کیٹ بلینشیٹ نے نیٹ فلکس کی مقبول سیریز اسکوئڈ گیم سیزن 3 کے فائنل میں غیر متوقع طور پر جلوہ گر ہوکر کہانی کو چونکا دینے والا موڑ دے دیا۔
سیزن 3 کی کہانی سیزن 2 کے بعد کے واقعات پر مبنی ہے، جہاں سیونگ گی ہن (لی جنگ جے) امیر طبقے کے زیرِانتظام خونی کھیلوں کے خلاف بغاوت کرتا ہے۔ تاہم مداحوں کے لیے یہ حیران کن تھا کہ اختتام کے باوجود کہانی ختم نہیں ہوئی۔
سیریز کے آخری مناظر میں، فرنٹ مین (لی بیونگ ہن) کو لاس اینجلس کی ایک تاریک گلی میں دکھایا گیا ہے، جہاں وہ ایک شخص کو ‘ڈاکجی’ نامی گیم کھیلتے دیکھتا ہے۔
حیرت انگیز طور پر، گیم میں شامل بھرتی کنندہ کا کردار کوئی اور نہیں بلکہ کیٹ بلینشیٹ ادا کر رہی ہوتی ہیں۔ وہ ایک پُراعتماد انداز میں سوٹ پہنے دکھائی دیتی ہیں اور ایک مایوس شخص سے مختصر مکالمہ کرتی ہیں، جو دوبارہ موقع مانگ رہا ہوتا ہے۔ بلینشیٹ پرسکون انداز میں جواب دیتی ہیں: "جیسا آپ چاہیں”، اور فرنٹ مین کے ساتھ خاموش اشارے کا تبادلہ ہوتا ہے۔
کیٹ بلینشیٹ کے کیمیو نے سیریز میں ان کے ممکنہ کردار اور مستقبل میں اسکوئڈ گیم کی نئی قسطوں سے متعلق قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے، جس سے دنیا بھر میں اس ڈسٹوپیئن تھرلر کے لیے دلچسپی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔
